لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے ورلڈ کبڈی لیگ میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اتوار کی رات نئی دلی بھارت میں اپنے پہلے میچ میں پنجاب تھنڈر کی ٹیم کو66-44سے شکست دیدی، لاہور لائنز کی ورلڈ کبڈی لیگ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔،اکمل شہزادڈوگر نے کامیاب 19 ریڈ کئے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ میچ کے پہلے کوارٹر میں شفیق چشتی اور لالہ سیف اللہ نے بھارتی کھلاڑیوں کو ٹف ٹائم دیا۔ پہلے ہاف کا سکور 16-12رہا، لاہور لائنز کو 4پوائنٹس کی برتری حاصل رہی، دوسرے کوارٹر میں لاہور لائنز کی ٹیم نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی،پنجاب تھنڈر نے میچ میں واپس آنے کی بہت کوشش کی مگر وہ پاکستان کے پنجاب کے شیروں کے سامنے بے بس رہے۔دوسرے ہاف تک سکور 33-22 تھا، تیسرے کوارٹر میں لاہو لائنز کا پلڑا مزید بھاری ہوگیا۔لاہور لائنز کے ریڈر اکمل شہزاد ڈوگر، شفیق چشتی، نعیم سندھو اور محمد رمضان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد پوائنٹس لیکر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط تر کردی۔ تیسرے کوارٹر میں لاہور لائنز کو 11پوائنٹس کی برتری حاصل کی، سکور47-36رہا،چوتھے اور آخری کوارٹر میں لاہور لائنز نے 64-44سے کامیابی حاصل کرلی۔