جاوید ہاشمی کی اچانک طبیعت ناساز، پمز ہسپتال میں داخل

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل سیاسی سرگرمیوں کے باعث تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کی طبیعت پیر کو صبح اچانک ناساز ہو گئی جس پر انہیں ہنگامی طور پر پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پمز کے ترجمان کے مطابق جاوید ہاشمی کو گلے کا انفیکشن ہوا ہے، ان کا ایکسرے بھی کر لیا گیا اور خون کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز نے جاوید ہاشمی کو اینٹی بائیوٹک شروع کرائے ہیں، ذرائع کے مطابق جاوید ہاشمی نے خرابی صحت کے باعث سیاسی سرگرمیاں بھی معطل کر دی ہیں ہاشمی کو چند سال قبل فالج کا اٹیک ہوا تھا جس کے بعد سے ان کے جسم کا دایاں حصہ متاثر ہوا تھا جس کو کچھ دن پمز میں رکھ کر فزیو تھراپی کی جائے گی جس کے بعد ان کے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ جاوید ہاشمی امریکہ کی بجائے فزیو تھراپی کیلئے چین جائیں گے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کی ناسازی کی خبر پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر قائدین مسلسل ان کی عیادت کرتے رہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پمز ہسپتال میں جاوید ہاشمی کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں پمز ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر وسیم خواجہ نے بتایا کہ جاوید ہاشمی کو بخار اور نقاہت کے باعث ہسپتال لایا گیا، وہ جسم میں پانی کی کمی اور کمزوری کا شکار ہیں۔ جاوید ہاشمی کے تمام طبی ٹیسٹ کئے جارہے ہیں خطرے کی کوئی بات نہیں۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی پمز میں جاوید ہاشمی کی عیادت کی۔ آن لائن کے مطابق جاوید ہاشمی کے ای سی جی سمیت دل کا چیک اپ و دیگر ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے۔ ڈاکٹروں نے تحریک انصاف کے رہنما کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ کچھ روز ہسپتال میں داخل رہیں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زیرعلاج تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کی عیادت کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ انہوں نے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...