اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جانا چاہئے۔ وزیر داخلہ کی زیر صدارت راولپنڈی اسلام آباد کی انتظامیہ کے اجلاس میں شاہراہ دستور خالی کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے دھرنے کے شرکاء کے ریڈ زون سے ممکنہ انخلاء پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ امید ہے معاملہ پرامن طور پر حل ہو جائے گا۔علاوہ ازیں چودھری نثار نے ریڈ زون کا دورہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چودھری نثار نے پاک سیکرٹریٹ اور حساس عمارتوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔