پی پی سی ای سی ارکان الیکشن دھاندلی کیخلاف احتجاج کے معاملہ پر تقسیم

اسلام آباد (سجاد ترین/ خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حکومت کے خلاف الیکشن میں دھاندلی کے ایشو پر احتجاج کرنے کے معاملہ پر تقسیم ہو گئے ہیں۔ پنجاب سے تعلق رکھے والے ارکان نے حکومت کے خلاف موجودہ حالات میں بھرپور احتجاج کرنے کی تجویز پیش کی تو سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین نے مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کرنا چاہئے اس پر جمہوری نظام کو نقصان ہو سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کے لئے اپنی جان کی قربانی دی ہے جس کے بعد احتجاج کرنے بارے حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار آصف علی زرداری کو دے دیا گیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے  پڑوسی دوست ممالک بھی پریشان ہیں۔ آصف علی زرداری آج   چین روانہ ہو جائیں گے۔ اجلاس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک رہنما نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں آصف علی زرداری اپنا کردار ادا کر کے سیاسی بحران حل کرا سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں سابق وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی‘ راجہ پرویز اشرف‘ مخدوم امین فہیم نے پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت  پیپلز پارٹی کے لوگوں کے خلاف مقدمہ بنا رہی ہے اور ایف آئی اے والے پی پی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں جبکہ ہماری پارٹی ان کی حمایت کر رہی ہے۔ مخدوم امین فہیم نے کہاکہ نوازشریف اپنے  جانے کے راستے خود بنا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ان کو روکنے کی کوشش نہ کرے ان کو جانے دیا جائے سید یوسف رضا گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف جو زبان ہمارے پارٹی کے شریک چیئرمین کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں اس پر ان کو شرمندگی کا احساس بھی نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن