راولپنڈی: طوفانی بارش، مکان کی چھت، سائن بورڈ گرنے سے بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی

Aug 26, 2014

راولپنڈی+اسلام آباد (اے پی پی+ وقائع نگار) طوفانی بارش سے کچے مکان کی چھت اوردیو ہیکل سائن بورڈ گرنے سے 7سالہ بچی جا ںبحق ‘3 افراد زخمی ہوگئے‘ ریسکیو 1122 نے ملبے سے بچی کی نعش اور دیگر زخمیوں کوہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق پیر کی شام ہونے والی طوفانی بارش کے نتیجے میں لال کڑتی بازار میں کچے گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 7 سالہ سمیرا ملبے تلے دب کے جاں بحق ہوگئی۔ اہل علاقہ کی جانب سے اطلاع پر ریسیکو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی اور ملبے تلے دبی ہوئی بچی کی نعش نکال کر بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کردی۔ کمرشل مارکیٹ میں سائن بورڈ دیوار پر گرنے سے دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے 23 سالہ شفقت‘ 18 سالہ حسن اور 34 سالہ احسن ملبے تلے دب گیا۔ اسلام آباد سے وقائع نگار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طوفان بادو باراں کے باعث عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کے دھرنوں کے شرکاء کے کیمپ اُکھڑ گئے، خیمے اور شامیانے آندھی کے باعث اُڑ گئے جس کے باعث شرکاء کو سخت مشکلات کا سامناکرنا پڑا ہے۔ پیر کی شام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سخت طوفانی بارش و آندھی ہوئی۔ شاہراہ دستور پر پے اے ٹی اور پی ٹی آئی کے دھرنو ں میں شریک ہزاروں افراد کی جانب سے لگائے گئے خیمے اور شامیانے اُکھڑ گئے جبکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا جو شرکاء کے لئے پریشانی کاسبب بنا رہا۔ تنگ آکر دھرنوں میں شریک دو درجن سے زائد خاندانوں نے واپسی کا رختِ سفر باندھ لیا۔
بارش

مزیدخبریں