نئی دہلی (آن لائن) انتہا پسند ہندو تنظیم شیوسینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان پر حملہ کرکے اسے لائن آف کنٹرول پر مسلسل اشتعال انگیزی پر سبق سکھایا جائے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے ایک ایڈیٹوریل میں شیوسینا کے سربراہ نے لکھا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان نے تیرہ سرحدی دیہی علاقوں میں حملے اور جموں میں بائیس بھارتی فوجی چوکیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں ان علاقوں سے انخلاء پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 2003 سے اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے درحقیقت گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی علاقوں میں پچیس اس طرح کے حملے کئے تاہم ہماری طرف سے خاموشی رہی جیسے کہ ہمارے لئے یہ کوئی آتشبازی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری علیحدگی پسندوں کے ساتھ حالیہ ملاقات سے یہ ثابت ہوگیا کہ ہمسایہ ملک کے ساتھ مستقبل میں مذاکرات بے سود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ہمسایہ ملک کے ساتھ اس معاملے پر صرف مذاکرات منسوخ کرنا کافی نہیں بلکہ ہمیں ان کی سرحد کے اندر داخل ہوکر حملہ کرکے انہیں عبرتناک سبق سکھانا چاہیے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہمیں اب مزید تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
شیوسینا