لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر‘ قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ دھاندلی سے متعلق مزید ثبوت سامنے آنے پر حکمران بوکھلا گئے‘ آئندہ دنوں میں مزید کچے چٹھے کھلیں گے۔ وزیراعظم استعفیٰ دینے میں تاخیر کرکے باعزت رخصتی کا آپشن کھو رہے ہیں۔ لاہور اور فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے خلاف نکلنے والی ریلیاں زیادہ بڑی تھیں‘ عمران خان نے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تو پتہ بھی نہیں ہل سکے گا‘ موجودہ حکمرانوں نے دھڑا دھڑ بیرونی قرضے لے کر اور بجلی‘ گیس‘ پٹرول مہنگا کرکے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ناکام وزیر خزانہ خراب معیشت کا ملبہ احتجاجی دھرنے پر نہیں گرا سکتے‘ جس دن وزیراعظم نے استعفیٰ دیا سٹاک مارکیٹ راکٹ کی طرح اوپر جائے گی۔ ہر سطح پر طاقت کے مظاہرے کے خبط کا شکار حکمرانوں کو بالآخر عوام کی عدالت میں جھکنا پڑے گا۔
محمود الرشید