اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں قانونی کتب کی غلط اشاعت سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیس کی سماعت میں وفاق، تمام صوبوں اورسیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کی جانب سے مشترکہ ڈرافٹ عدالت میں جمع کروا دیا گیا جس پر عدالت نے کہا کہ عدالت اس کا چیمبر میں جائزہ لیکر حکم جاری کرے گی۔ سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمشن سرور خان، پانچوں لاء افسروں نے ڈرافٹ عدالت میں پیش کیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ قانونی کتب اور قوانین کا ترجمہ کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ وہ وجوہات بتائی جائیں جس کی وجہ سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، آڈٹ رپورٹ عدالت کو دکھائیں کتنا کام ہوا کتنا رہتا ہے؟ بل پیش کرنا وزارت قانون کی ذمہ داری ہے، وزارت قانون کو تو بہت اہم رول ہوتا ہے یہ دوسرے حکومتی کام تو فرفر کرہی ہے اپنا کام نہیں ہو رہا، وزارت قانون کی خاتون ممبر نے بتایا کہ بل تین بار پیش ہوا مگر ابھی تک منظور نہیں ہوا، اس حوالے سے آرڈیننس میں 30جولائی کو توسیع ہو گئی تھی، جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیئے کہ انہوں نے ایک پروگرام دیکھا ہے جس میں دکھایا گیا کہ 120دن میں ایک بادبانی کشتی نے پوری دنیا کا چکر لگایا اور آپ سے 120دن میں ایک بل پاس نہیں ہو رہا؟ جب تک قانون سازی مکمل نہیں ہوگی کام کیسے چلے گا؟