فیصل آباد: جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ‘ ملازمین کا اے سی سٹی پر تشدد، ’’یرغمال‘‘ بنا لیا

Aug 26, 2015

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جعلی مشروبات بنانے کی فیکٹری پر چھاپہ مارنے والے اسسٹنٹ کمشنر پر فیکٹری مالکان کے ملازمین نے حملہ کر دیا اور اے سی سٹی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے یرغمال بنا لیا گیا۔ پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا جنہیں فیکٹری ملازمین نے پولیس موبائل وین پر حملہ کر کے چھڑوا لیا۔ فیکٹری مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔ حملہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی شاہ رخ خان نیازی نے غلام محمد آباد کے علاقہ چک نمبر123ر۔ب سدھوپورہ میں واقع سجاد سوڈا واٹر فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں جعلی مشروبات تیار کئے جا رہے تھے۔ انتظامیہ کے چھاپے پر فیکٹری ملازمین مشتعل ہو گئے اور اے سی سٹی پر حملہ کرتے ہوئے اُسے تشدد کا نشانہ بنانے لگے۔ اے سی سٹی کے ہمراہ جانے والی پولیس وین میں صرف تین اہلکار تھے جو ہجوم کو قابو نہ کر سکے تاہم پانچ افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا جنہیں ملازمین کی بھاری تعداد نے پولیس وین پر دھاوا بول کر چھڑا لیا اور ان ملزموں کو موقع سے فرار کروا دیا جبکہ اے سی سٹی سمیت دیگر اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا اس دوران شاہ رخ خان نیازی کو ملزموں نے ایک کمرہ میں محبوس بنا لیا۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی اقبال ٹاؤن، تھانہ رضا آباد اور تھانہ غلام محمد آباد کے ایس ایچ اوز بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور فیکٹری کے مالک شہزاد کو حراست میں لے کر حالات پر قابو پا لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہزاد کا بھائی علی حسنین پاکستان ٹیلی ویژن کے اسلام آباد آفس میں رپورٹر ہے۔ پولیس دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد میںملاوٹ مافیا کیخلاف مہم کے دوران چھاپہ مار ٹیم پر تشدد کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ چھاپہ مار ٹیم پر تشدد کرنیوالوںکو فی الفورگرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزیدخبریں