اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+سپیشل رپورٹ+آئی ا ین پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں توانائی سیکٹر میں اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کی طرف سے سرکلر ڈیٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے وزارت پانی و بجلی کی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ جاری اصلاحات کے عمل کو 30 اگست تک مکمل کیا جائے۔ دریں اثناء پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سماجی سیکٹر کیلئے مدد جاری رکھے گا۔ ملاقات میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے ڈی ایف آئی ڈی کی طرف سے فنانسنگ پر بھی بات چیت کی گئی۔ اسحق ڈارنے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیںکریںگے۔ برطانوی ہائی کمشنرنے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران امن وامان کی صورتحال میںواضح بہتری آئی ہے۔ دوران ملاقات برطانیہ شعبہ بین الاقوامی ترقی کے کنٹری ڈائریکٹربرائے پاکستان رچرڈ منٹگمری نے کہاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے گزشتہ بجٹ میںبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے مختص رقم میں 5ارب روپے کا اضافہ خوش آئند ہے۔ برطانیہ نے پاکستان کے نوجوان طلبہ اور طالبات کیلئے شیوننگ سکالر شپس کی تعداد میں 400 فیصد اضافہ کردیا۔ اس بات کا اعلان برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے شیوننگ سکالر شپس حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ اور طالبات کے اعزاز میں الوداعی استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ برطانیہ پاکستان میں نوجوانوں کیلئے ایک اور پروگرام 2047ء شروع کر رہا ہے جس کا مقصد اس رائے کا اظہار کرنا ہے کہ نئی نسل 2047ء میں پاکستان کو کس طرح دیکھتی ہے۔