پشاور (آن لائن) احتساب کمشن خیبر پی کے نے کارروائی کرتے ہوئے کرپشن کے الزام میں پی ڈبلیو ڈی کے سابق ایگزیکٹو انجینئر پرویز خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز احتساب کمشن خیبر پی کے نے ایک کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پشاور سے پی ڈبلیو ڈی کے چار سدہ کے علاقے میں سابق ایگزیکٹو انجینئر پرویز خان کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ پرویز خان اے این پی کے گزشتہ دور حکومت میں 2008ء سے 2013ء تک پی ڈبلیو ڈی کے چار سدہ میں ایگزیکٹو انجینئر رہے جبکہ پانچ برسوں کے دوران ان کے ذاتی اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ احتساب کمشن خیبر پی کے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پرویز خان کے اثاثہ جات کی کچھ تفصیلات معلوم ہوئی ہیں جن کے مطابق پرویز خان کے اسلام آباد میں دو اور پشاور کے علاقے حیات آباد میں بھی دو بنگلے ہیں جن کی قیمت کروڑوں روپے میں ہے۔ اس کے علاوہ پرویز خان کی ملکیت میں ایک ماربل کا پہاڑ بھی ہے اور خفیہ بینک اکائونٹس کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوئی ہیں جبکہ تفتیش میں مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔