کراچی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) صدر مملکت نے سندھ ہائیکورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق مستقل کیے جانے والوں میں جسٹس نذر اکبر، جسٹس مسز اشرف جہان، جسٹس شاہ نواز طارق، جسٹس عبدالمالک، جسٹس ظفر احمد راجپوت اور جسٹس محمد جنید غفار شامل ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو مشترکہ تاریخی اور ثقافتی ورثہ میں بندھے ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے مصر کے سبکدوش ہونے والے سفیر سعید ہندام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ان سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے ثقافتی اور تجارتی وفود کے تبادلوں اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مصرکے سفیر سعید ہندام نے کہا کہ مصر نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین سے ممتاز صنعت کار اور قومی اسمبلی کے رکن قیصر احمد شیخ اور ممتاز عالم دین مولانا رحمت اﷲ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے نجی شعبے اور کاروباری برادری کے کردار اور ضلع چنیوٹ میں تعلیم کے فروغ کے ضمن میں مولانا رحمت اﷲ کے کردار کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی ترجیح ہے۔ نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی نے ایوان صدر اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوام میں امراض قلب کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے اور ہارٹ اٹیک کے مریض کی جان بچانے کیلئے کارڈیو پلمونری رسیسی ٹیشن کی تربیت فراہم کی جائے۔