کراچی( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) ایم سی سی نے بھی حنیف محمد کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ ایم سی سی نے لٹل ماسٹر کے اہل خانہ کے نام تین صفحات پر مشتمل خط لکھ کر حنیف محمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایم سی سی نے پاکستان کی ابتدائی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کرنیوالے بلے باز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان ہی نہیں دنیائے کرکٹ کا سپر سٹار قرار دیا ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ حنیف محمد نے جس دور اور مشکل حالات میں پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلی اور رنز کیے وہ انہیں ایک عظیم کرکٹر ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں۔ ایم سی سی نے اپنے خط میں حنیف محمد کو پاکستان کرکٹ کا ناقابل فراموش کردار قرار دی ہے۔ تین صفحات پر مشتمل خط میں حنیف محمد کی ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخی ٹرپل سنچری کے ساتھ ساتھ انکی دیگر میچ جتوانے اور میچ بچانے والی اننگز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ خط میں لٹل ماسٹر کی پاکستان کرکٹ کے لئے خدمات اور ان کے کردار پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ محمد برادران کی کھیل سے محبت اور لگاو کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ برطانیہ ایم سی سی کی سطح حنیف محمد کے انتقال پر انہیں جس انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اسکا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ حنیف محمد کے صاحبزادے ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کا کہنا تھا کہ وہ اس اقدام پر ایم سی سی کے مشکور ہیں۔ حنیف محمد کے انتقال کے بعد دنیا بھر سے ان کے چاہنے والوں انہیں پسند کرنےوالوں اور پاکستان سے محبت کرنیوالوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ شعیب محمد کا کہنا تھا کہ اس دکھ کی گھڑی میں شائقین کرکٹ کی محبت کو نہیں بھلا سکتا۔ حنیف محمد سے لوگ آج بھی اتنی محبت اور پیار کرتے ہیں اس کا اندازہ انکی عدم موجودگی میں شدت سے ہو رہا ہے۔
ایم سی سی نے حنیف محمد کو دنیائے کرکٹ کا سپرسٹار قرار دیدیا
Aug 26, 2016