لاہور(سپورٹس رپورٹر) پانچ قومی کرکٹرز نے انڈین چیمپئنز لیگ کھیلنے کیلئے معاہدہ کرلیا، پی سی بی سے بدستور کھلاڑیوں نے شرکت کا این او سی نہیں مانگا۔ پانچ قومی کرکٹرز سلمان بٹ، رانا نوید الحسن، صہیب مقصود، عمران فرحت اور کامران اکمل نے معاہدوں پر دستخط کردئیے ہیں۔ پی سی بی اعلیٰ حکام کے مطابق ان تمام پانچ کرکٹرز نے ابھی تک پی سی بی سے این او سی حاصل کرنے کیلئے رابطہ نہیں کیا۔ پی سی بی کے مطابق این او سی کی دراخوستیں آنے کے بعد اجازت دینے کا فیصلہ کیا جائیگا۔ گزشتہ سات برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستانی کرکٹرز کسی بھارتی لیگ میں کھیلیں گے، آخری بار قومی کرکٹرز نے دو ہزار نو میں آئی سی ایل کے ایڈیشن میں شرکت کی تھی۔ چیمپئنز لیگ کے مقابلے 10 دسمبر سے دبئی میں شروع ہونگے۔