امرےکہ اوراس کے 42 اتحادی افغانستا ن میں شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتے ہیں،میاں محمد اسلم

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ امریکا جمع خاطر رکھے ¾ پاکستان کے 20 کروڑ عوام ان شا اللہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ایک ہیں ۔ امرےکہ اوراس کے 42 اتحادی ممالک افغانستا ن میں اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتے ہیں ۔ اب ڈرامہ بازی سے شکست کو فتح میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودیؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس اور احتساب کارواں کی تیاریوں کے حوالے سے ایک خصوصیتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ¾جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ¾ نائب اُمراءسید عزیر حامد ¾ شیخ مسعود احمد ¾ قاضی محمد جمیل ¾ رضوان احمد ¾عثمان آکاش ¾سابق ایم پی اے حنیف چوہدری ¾ جے آئی یوتھ کے عمران خان اور پختون جرگہ کے کو آرڈینیٹر عالم زیب خان نے بھی اظہار خیال کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی تقریریں اور وعدے بھول چکے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ اب انہوں نے عسکری اسٹیبلشمنٹ کی راہ اپنا لی ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران تو ٹرمپ نے سابق صدور کی پالیسیو ں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سب سے پہلے امریکا کا نعرہ لگا یا تھا اور امریکی فوجوں کی وطن واپسی کے اعلانات کئے تھے۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مارچ 2016 سے کرپشن فری پاکستان مہم شروع کی تھی۔ ملک کے چاروں صوبوں میں بڑے بڑے عوامی جلسے اور ٹرین مارچ بھی کیا تھا۔ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔پاکستان کے عوام ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔ پانامہ لیکس میں شامل دیگر 437 افراد کے خلاف بھی جے آئی ٹی کے لئے جماعت اسلامی سپریم کورٹ جا رہی ہے ۔ جبکہ عوامی بیداری کے لئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں 12 ستمبر کو لاہور سے راولپنڈی تک احتساب کارواں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک جمہوری پارٹی ہے ۔ جس میں موروثیت نہیں ہے ۔ الحمدللہ جماعت اسلامی کے افراد کے دامن کرپشن سے پاک صاف ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ 12 ستمبر کو سراج الحق کی قیادت میں آنے والے احتساب کاروان کا راولپنڈی کے عوام شاندار استقبال کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن