اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر، سعید غنی نے سکھر میں پی ٹی آئی کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہروپیوں کا ٹولہ اور کرپٹ مافیا کی باقیات انجمن سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی انہوں نے کہا کہ عوام اس بات سے آگاہ ہے کہ اسد عمر کے والد جنرل عمر کو مشرقی پاکستان میں کالے کرتوت اور کرپشن کی بنیاد پر حمودرحمن کمیشن کی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے نوکری سے فارغ کیا گیا تھا عمران خان کے والد کو بھی کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا جبکہ شاہ محمود قریشی کی تاریخ یہ ہے کہ انہوں نے کپڑے کم پارٹیاں زیادہ تبدیل کی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سکھر میں باہر کے لوگ لا کر شو کر کے یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کا جلسہ بڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بعد اب عمران خان کی باری ہے کیونکہ انہوںنے بھی الیکشن کمیشن اور عدالت میں جھوٹ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سچے ہیں تو پھر نواز شریف کی طرح عدالتوں سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ عمران کی سیاسی عیاشیوں پر خرچ ہو رہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ بہروپیوں کا یہ ٹولا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا ذکر کرکے ہمدردیاں حاصل کرنے میں ناکام ہوگا۔
رہنما پیپلز پارٹی