نئی دہلی/ ہریانہ/ لاہور (اے این این) بھارت میں سکھوں کے روحانی پیشوا گرمیت رام رحیم سنگھ جنسی زیادتی کے مقدمے میںفردجرم عائد ہونے کے بعد گرفتار، پیر کو سزا سنائی جائے گی، عدالتی فیصلے کے بعد ملک بھر خصوصاً پنجاب میں سکھ مشتعل، ہنگاموں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک، 300 سےزائد زخمی، درجنوں پٹرول پمپس، دکانیں اور سرکاری املاک جلا دی گئیں۔ سرسا، پٹیالہ، فاضلکا، فیروز پور، مانسا، فرید کوٹ اور بھٹنڈا میں کرفیو نافذ ،مختلف علا قوں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی بند کر دی گئی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکی مددکےلئے فوج طلب کر لی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میںسینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) عدالت نے ملک کے معروف خود ساختہ مذہبی رہنما اور ریاست ہریانہ میں قائم ڈیرا سچا سودا آرگنائزیشن کے سربراہ گرومیت رام رحیم کے خلاف دوخواتین عقیدت مندوں کے ریپ کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی اور انہیں گرفتار کر کے امبالہ جیل منتقل کرنے کاحکم دیا گرومیت رام رحیم پر ان کی ایک عقیدت مند خاتون نے ریاست ہریانہ کے قصبے سِرسا میں واقع ہیڈکوارٹرز میں ریپ کا الزام عائد کیا تھا اور گزشتہ 10 سال سے جاری اس کیس کی 200 سماعتوں اور ہائی کورٹ کی جانب سے متعدد حکم امتناع جاری ہونے کے بعد گورمیت رام رحیم پر فرد جرم عائد کی گئی جس کے بعد ہریانہ پولیس نے گرومیت رام رحیم کو حراست میں لے لیا۔ گرومیت رام رحیم کو پیرکو سزا سنائی جائے گی انہیں اس مقدمے میں 7 سال قید کاٹنا پڑ ھ سکتی ہے۔ فرد جرم کافیصلہ سنائے جانے کے موقع پر عدالت کے باہر گرو رام رحیم کے ہزاروں عقیدت مند موجود تھے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور پیرا ملٹری افواج کے اہلکار ضلع پنچکولا اور اطراف کے علاقوں میں تعینات تھے۔ یادرہے کہ خواتین مریدوں کے جنسی استحصال کے ساتھ ساتھ گرو رام رحیم سنگھ پر یہ الزامات بھی ہیں کہ انہوں نے اپنے آشرم میں 400 مردوں کو خدا کی خوشنودی کےلئے اپنے مخصوص جسمانی اعضاءکو کاٹنے کی جانب راغب کیا اس حوالے سے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)کی تحقیقات جاری ہیں تاہم گرو نے ان الزامات کی تردید کردی تھی۔ گرومیت رام رحیم نے ایک فلم ”گاڈز میسنجر “ میں بھی کام کیا جس میں گرو نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف لڑائی کی اور گانے بھی گائے۔ ہریانہ میں ہنگاموں اورمظاہروں کے پیش نظر لاہور سے نئی دہلی جانے والی دوستی بس کومعطل کردیاگیا دوستی بس نے 14سے 16 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہو نا تھا ، روانگی سے کچھ دیر قبل اس دوستی بس کو بھارت جانے سے روک دیا گیا جس سے مسافروں کو مایوسی ہو گئی دوستی بس بھارتی ریاست ہریانہ میں جاری احتجاج کے باعث بھارتی حکام کی درخواست پر روکی گئی ۔بھارتی حکام کا موقف ہے کہ ہریانا میں حالات ٹھیک نہیں، حالات معمول پر آنے کے بعد دوستی بس دوبارہ شروع کی جائے گی اس حوالے سے پاکستانی حکام کو آگاہ بھی کر دیا جائے گا۔
بھارت ،سکھ مذہبی رہنماکی گرفتاری کیخلاف پرتشدد ہنگامے ، 30افراد ہلاک ، 300زخمی
Aug 26, 2017