”نیب نے شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز کی تیاری تیز کر دی“

Aug 26, 2017

اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) قومی احتساب بیورو (نیب)کی طرف سے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مدت میں 14دن باقیرہ گئے ہیں، نیب نے ریفرنسز کی تیاری کی کارروائی کو مزید تیز کردیا ہے ، نیب ذرائع کے مطابق نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے قبل انہیں آخری موقع دینے پربھی غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کو شریف خاندان سے متعلق تحقیقات کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے،اس لیئے ریفرنسز کی تیاری کی کارروائی کو مزید تیز کردیا گیاہے۔اس کے علاوہ نیب نے شریف خاندان سے متعلق تعطل کا شکار کیسز کی تحقیقات کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ بھی تیار کی۔ نیب مذکورہ رپورٹ کو سپریم کورٹ کے نگران جج کے سامنے پیش کیے جانے کے بعد شریف خاندان کی جانب سے تعاون نہ کرنے سے متعلق ان کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت عظمی کی ہدایات کا انتظار کرے گاجبکہ شریف خاندان کی جانب سے تحقیقات میں شامل نہ ہونے پر ان کے گرفتاری وارنٹ جاری ہونے کےلیے عدالت عظمی کی رائے معلوم کی جاسکتی ہے تاہم ذرائع کے مطابق نیب نے شریف خاندان کی جانب سے تحقیقات میں تعاون نہ کرنے اور اس حوالے سے مزید کارروائی کیلئے سپریم کورٹ کو اپنی رپورٹ میں رہنمائی کرنے کی استدعا کی ہے۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے تیسرے نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے کی صورت میں شریف خاندان کے افراد کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کرنے کے حوالے سے فیصلے کا استحقاق صرف نیب کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کے پاس ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز، صاحبزادی مریم صفدر اور ان کے خاوند کیپٹن (ر)صفدر اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کے خلاف 8ستمبر کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق 4ریفرنسز دائر کرنے سے قبل انہیں تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے ایک آخری موقع دیا جا سکتا ہے اور شریف خاندان کو آخری اور تیسرا نوٹس جاری کرنے کے بارے میں غور شروع کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں