پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائی کورٹ میں ڈینگی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس قلندر علی خان اور جسٹس ابراہیم خان نے سماعت کی۔ دوران سماعت ڈی سی پشاور، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور اور محکمہ صحت کے حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے خیبرپی کے حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ خیبرپی کے حکومت کیوں ڈینگی پر قابو پانے میں ناکام ہوئی ہے۔ پنجاب سے جو ٹیمیں منگوائی گئیں، کیا یہ ان کی ناکامی کا ثبوت نہیں ہے؟ عدالت نے خیبرپی کے کے حکام کو پیر کے روز طلب کر لیا اور کہا رپورٹ پیش کریں اور بتائیں کہ ناکامی کی بڑی وجہ کیا تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو بتایا ڈینگی مرض کے خاتمہ میں سب سے بڑی رکاوٹ لوڈشیڈنگ تھی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا عدالت میں جمع کروایا جائے تاکہ اس مرض کے خاتمہ کے لئے اقدامات کو مکمل طور پر دیکھا جاسکے۔