نیب افسران کی استعداد کار بڑھانے سے کارکردگی میں اضافہ ہوگا‘ امتیاز تاجور

اسلام آباد(نامہ نگار) قائمقام چیئرمین نیب امتیاز تاجور نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق استعداد کار بڑھانے سے نیب آفیسرز کی کارگردگی میں اضافہ ہو گا، نیب نے ہمیشہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی عالمی معیاراور تجربات کے مطابق تربیت کو پہلی ترجیح دی ہے،ان خیالات کا اظہارانہوںنے نیب آفیسرز کی تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نیب کے پبلک پراسیکیوٹرز اور تفتیشی آفیسرز کوامریکی محکمہ انصاف کے انٹرنیشنل کریمنل انویسٹیگیٹو ٹریننگ اسسٹنسپروگرام(آئی سی آئی ٹی اے پی) کے تعاون سے اینٹی منی لانڈرنگ اور کرپشن کی روک تھا م کے حوالے سے21سے25اگست تک تربیت دی گئی ۔ قائمقام چیئرمین نیب امتیاز تاجور نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق استعداد کار بڑھانے سے نیب آفیسرز کی کارگردگی میں اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ آئی سی آئی ٹی اے پی نے نیب کو 8ہزار سے زائد ویڈیو سپیکٹرل کمپریٹرز ،دستاویز ات کو جانچنے کے بہترین فورنزک آلات فراہم کیے ہیں اس سے نیب کو جعلی دستاویزات ، جن میں سفری و شناخت کے دستاویزات ،بینک نوٹ،چیک ،سرکاری خطوط شامل ہیں،کی جانچ کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اینٹی کرپشن کنونشن کے تحت نیب مرکزی ادارہ ہے ۔امتیاز تاجور نے کہا کہ نیب انسدا دبد عنوانی کا وہ واحد ادارہ ہے جو موثر ،فعال اور برق رفتاری سے زیادہ سے زیادہ 10ماہ کی مدت میں کیسوں کو نمٹا رہا ہے نیب نے کمبائنڈ انویسٹیگیشن ٹیم(سی آئی ٹی) کا نیا نظام متعارف کرایا ہے تاکہ سینئر سپروائزری آفیسرز کے تجربے سے مستفید ہوا جاسکے ۔اس نظام سے نہ صرف کام کا معیار بہتر ہو رہا ہے بلکہ ایک شخص ہی پروسیڈنگ کو آگے بڑھا سکتا ہے سی آئی ٹی کے نظام سے تفتیش اور تحقیق کا معیار بہتر ہوا ہے نیب نے ہمیشہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی عالمی معیاراور تجربات کے مطابق تربیت کو پہلی ترجیح دی ہے،ملکی سطح پر تربیت کے ساتھ ساتھ افسران کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی اداروں کے تعاون کو بھی ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی انٹرنیشنل پروگرام کے ڈائریکٹر گریگری شیفر نے کہا کہ بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاءانفورسمنٹ افیئرز 90ممالک کے ساتھ مل کر جرائم اور کرپشن ،منشیات سے متعلقہ جرائم کے خاتمے،پولیس کے ادارے کی بہتری، اور قانون وعدالتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کرپشن کے خاتمے میں نیب کی کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ نیب کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی استعداد کار میں اضافے اور نیب کو جدید فورنزک آلات کی فراہمی سے کیسوں کی تفتیش میں نہ صرف نیب کو مدد ملے گی بلکہ قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں کو بھی فائدہ ہوگا۔قائمقام چیئرمین نیب نے امریکی ادارے کا نیب سے شراکت داری کرنے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ اس امداد سے پاکستان سے کرپشن کے خاتمہ کرنے کے مشن میں مدد ملے گی۔انہوں نے امریکی محکمہ انصاف ،امریکی سفارتخانے،نیب کے تربیتی شعبے کی اس مشترکہ کاوش کو سراہا ۔

ای پیپر دی نیشن