اسلام آباد +گلگت(سپیشل رپورٹ+ صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا خوبصورت خطہ دنیا کی قدیم اور عظیم الشان تبدیلیوں کے سنگم پر واقع ہے جس سے ملحقہ علاقوں میں ایک خوبصورت امتزاج پیدا ہوسکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ نوجوان اس تہذیبی ورثے کو علمی روایت میں بدل دیں۔ صدر نے یہ بات قراقرم یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ سی پیک کے ذریعہ نہ صرف اقتصادی انقلاب آئے گا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ صدر نے توقع ظاہر کی یہ سی پیک سیل، سٹڈیز کو مزید موثر بنانے کیلئے قراقرم یونیورسٹی نئے کورسز اپنے نصاب میں شامل کریگی۔ صدر نے قراقرم یونیورسٹی میں جدید زبانوں کی کلاس کے شعبہ کے قائم ہونے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ صدر نے اس موقع پر قراقرم یونیورسٹی کے فیکلٹی آف ایجوکیشن کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ دریں اثناءصدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی سماجی اور معاشی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے یہ بات چار روزہ دور ہ گلگت کے دوران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اور گلگت بلتستان کی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا سی پیک کے تحت منصوبوں کی تیزی سے اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا ان منصوبوں سے پورے ملک بالخصوص اس علاقے کی معاشی ترقی میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے شعبوں میں گلگت بلتستان کی حکومت کی نمایاں کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں اپنے مکمل اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صدر مملکت نے کہا کہ رواں سال اگرچہ دس لاکھ سے زائد سیاح گلگت بلتستان آئے تاہم اب بھی مزید غیرملکی سیاحوں کو راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے گلگت بلتستان حکومت کی کوششوں کی تعریف کی جو کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی میں اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکردو میں حالیہ جیپ ریلی جیسے مقابلوں سے خطے میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا، ایسے مقابلے باقاعدہ بنیادوں پر منعقد کئے جانے چاہئیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وزرا نے صدر مملکت کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت سید ممنون حسین فیملی کے ہمراہ جمعہ کو گلگت سے ہنزہ روانہ ہو گئے۔ دو دن ہنزہ میں گزارنے کے بعد 27 اگست کو اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ صدر کے آمد پر بچوں نے صدر ممنون اور خاتون اول کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے۔ صدر، خاتون اول نے بچوں کو چاکلیٹ کے تحفے دیئے صدر مملکت کے حفاظتی انتظامات کیلئے ان کا سکیورٹی سکواڈ اور دو بلٹ پروف گاڑیوں کے ہمراہ ایک روز پہلے ہی گلگت پہنچ چکے تھے فیملی کے ہمراہ شام 5 بجے ہنزہ روانہ ہو گئے۔ اس سے قبل خاتون اول اور دیگر خواتین اور بچے جو کہ صدر مملکت کے ساتھ اسلام آباد سے گلگت پہنچے تھے جونیال چائنہ شاپ میں شاپنگ کی اور بسین شوٹی بدھا کا دورہ کیا اور کار گاہ فشریز سنٹر میں فشنگ کی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت سید ممنون کا یہ دوسرا دورہ ہے جس میں انہوں نے فیملی کے ہمراہ گلگت کا خصوصی دورہ کیا۔
صدر ممنون