وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان مہرہ ہے، اس کو سیاست کی الف ب بھی نہیں آتی, جب بھی زیادتی کی گئی نوازشریف نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، اپنے ساتھ کی گئی زیادتی کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو دوسروں کی مدد کیا کرینگے, عمران خان اپنی غلطی مان لیں تو ہم ان کے خلاف پٹیشن واپس لے لیں گے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایک فیصلہ آیا ہے اور اس میں ایسے اقدامات کئے گئے اور نئی نظیریں قائم ہوئی ہیں جو پہلے کبھی نہیں ہوئیں, یہ نہیں ہو سکتا کہ امتیاز برتا جائے, اگر ہم اپنے خلاف کی جانے والی زیادتی پر آواز بلند نہیں کر سکتے تو کسی کے ساتھ کی جانے والی زیادتی پر آواز کیسے بلند کرینگے اور یہ زیادتی تو ویسے بھی جمہور پاکستان کے ساتھ ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی غلطی مان لیں کہ میں نے احمقانہ کام کیا ہے یا میں نے زیادتی کی ہے, ہم حنیف عباسی سے درخواست کرینگے کہ وہ اپنی درخواست واپس لے لیں تاکہ یہ قصہ اور کہانی ختم ہو اور ہم داڑھی کسی اور کے ہاتھ میں نہ پکڑائیں, ہم اس کام کے لئے تیار ہیں۔