کراچی (نیوز رپورٹر) لیومینری لرننگ سرکل فائونڈیشن اور ایم این اے نجیب ہارون کے اشتراک سے فاطمہ جناح کالونی نیوکراچی میں مفت اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی انجینئر محمد نجیب ہارون نے کہاہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور مستقبل کو سنوارنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ہم پر لازم ہے کہ مسقبل کے ان معماروں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کر کے مستقبل کو محفوظ کریں۔مفت تعلیم پروجیکٹ لیومنری لرننگ سرکل فائونڈیشن کاانتہائی مثبت اقدام ہے جہاں ان بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی جن کے والدین انتہائی کم آمدن میں اپناگزربسر کررہے ہیں اور اپنے بچوں کوتعلیم دلوانے کیلئے اچھے اسکولوں میں داخل نہیں کروا سکتے ہم ان والدین کا سہارابنیں گے اور ان بچوں کو وہ تعلیم فراہم کریں گے جو پوش علاقوں کے بچے حاصل کر رہے ہیں۔ تقریب سے مہمان خاص معروف سماجی شخصیت فاخرہ فرخ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم بچوں میں جذبہء تعلیم کو بیدارکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان بچوں کا بہترمستقبل ہی پاکستان کا بہتر مستقبل ہے۔ لیومنری لرننگ سرکل فائونڈیشن کے نگران محمدفاروق نے بھی خطاب کیا۔