ایشین گیمز کا آٹھواں روز‘ پاکستان کی ناقص کارکردگی‘ صرف2 بروز میڈل جیتے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ایشین گیمز میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ آٹھ روز میں پاکستانی ٹیم2 برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔18 اگست سے شروع ہونے والے گیمز میں پاکستانی کی کئی ٹیمیں شکست کے بعد وطن واپس پہنچ چکی ہیں۔عالمی سطح پر گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کی مختلف کھیلوں کی ٹیمیں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ ملک کی مختلف ایسو سی ایشنز پر قابض آفیشلز پیسے بنانے کیلئے کھلاڑیوں کو نہیں بلکہ کھیل سے ناواقف لوگوں کو کھلاڑی بنا کر لیجانے سے بھی احتراز نہیں کرتے اور پاکستان کی مختلف ٹیموں میں ایسے ایسے کھلاڑیوں کو شامل کراتے ہیں جو عالمی کھیلوں میں پاکستان کی بے عزتی کا سبب بنتے ہیں۔پاکستان کی بے توقیری میں سرگرداں آفیشلز کی مکمل پشت پناہی پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے اعلیٰ عہدیدار کررہے ہیں۔ اس ایونٹ میں45 ممالک شرکت کررہے ہیں۔ پاکستان گیمز میں شرکت کرنے والا 12 واں سب سے بڑا ملک ہے جس کے کھلاڑیوں کی تعداد 352ہے۔میزبان ملک انڈونیشیا کا سب سے بڑا دستہ ہے ،جس میں کھلاڑیوں کی تعداد938ہے۔ گیمز میں پاکستان 45 کھیلوں میں سے 35 کھیلوں میں شرکت کررہا ہے جس میں 15 کھیلوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ اب تک ہونے والے گیمز میں پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر 30 ویں پوزیشن ہے۔اس نے صرف کبڈی میں برانز میڈل ا ور کراٹے میں کانسی میڈل کے حصول کو ممکن بنایا ہے۔ ٹیبل پر چین نے72 گولڈ سمیت مجموعی 153 میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے۔ جاپان 34 گولڈ کے ساتھ 109میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ کوریا 25 گولڈ کے ساتھ مجموعی طور پر84 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت 7 گولڈ کے ساتھ 29 میڈلز کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔کھیلو ں کو فروغ دینے کے نام پر ایشین گیمز میں ایسوسی ایشنز کے قبضہ مافیا کی کارکردگی عیاں ہوگئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان چونکہ خود بھی ٹاپ کے اسپورٹس مین رہے ہیں اس لئے عالمی سطح پر پاکستانی ٹیموں کی شرمناک کارکردگی کا انہیں خود بھی جائزہ لینا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن