لاہور( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن میں کامیاب ہونے والے ابھی تک حیران ہیں کہ انہیں اتنا ووٹ کیسے پڑ گیا ۔ الیکشن کمشن انتخابات کے حوالے سے عوام کو مطمئن نہیں کر سکا ۔ ہم پاکستان کو ایک ویلفیئر اسلامی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جب تک عام آدمی کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ، ملک و قوم خوشحال نہیں ہوسکتے ۔ موجودہ نظام عوام کے مسائل میں کمی لانے کی بجائے اضافہ کر رہاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں عید ملن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی کے پی کے مولانا محمد اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت کے لئے کرپشن اور بے روزگاری کا خاتمہ بڑا مسئلہ ہے ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار اور عام آدمی کے لیے انصاف کی فراہمی بہت ضروری ہے ۔ نئی حکومت اب چل پڑی ہے اور اسے اپنے منشور پر عمل کے لیے ابھی سے ان اقدامات کی ضرورت ہے جو عام آدمی کو بھی نظر آئیں۔ نیب میں کرپشن کے 150 میگا سکینڈلز موجو د ہیں ان کو کھولا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت ا سلامی ایک نظریاتی جماعت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے نظرئیے اور شناخت کو قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔
سراج الحق