اخراجات میں پندرہ فیصد کمی کا فیصلہ کر لیا ریلویز کو اسی سال سال خسارے سے نکالیں گے شیخ رشید

لاہور (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسی سال ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے، 15 فیصد اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فریٹ ٹرینوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ تمام ٹرینوں میں وائی فائی اور موبائل ٹریکر لگائے جائیں گے۔ آن لائن ٹکٹنگ کا نظام بہتر کریں گے۔ تمام فریٹ ٹرینیں بھی آن لائن ہونگی۔ لاہور سے راولپنڈی کیلئے 15 ستمبر تک 2 نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ خراب کھڑی 606 کوچز کو جلد ٹھیککیا جائے گا۔ رسالپور میں کام ہونا چاہئے۔ تمام ہسپتال اور سکول لیز پر پانچ سے 10 سال کیلئے دیئے جائیں گے یا انہیں مستقل بنیادوں پر دے دیا جائے گا۔ آج 10 سال بعد بھی ریلوے وہیں کھڑی ہے جہاں چھوڑ کر گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس میں کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ 56 کلومیٹر کا ٹریک ٹھیک کرنے سے راولپنڈی سے لاہور کا فاصلہ صرف 3 گھنٹے رہ جائے گا۔ اس ٹریک کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ بجلی کے بلوں پر 5 ارب روپے کا کٹ لگا دیا ہے۔ واپڈا سے میٹر لگانے کیلئے کہا ہے۔ تمام ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ 10 ہزار مکان، اپارٹمنٹ بنائے جائیں گے تمام بڑے شہروں میں فلیٹ بنائے جائیں گے۔ تمام ریلوے ملازمین کو سرکاری گھر دینے کی کوشش کریں گے۔ 4 ہزار ایکڑ ریلوے زمین واگزار کروانے کیلئے ریلوے پولیس کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ 30 مزید ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن ہو گی۔ پانچ 5 ستارہ ہوٹل بنائیں گے۔ اوورسیز سے رابطے میں ہیں انہیں دعوت دیتے ہیں کہ یہاں ریلوے میں بزنس کریں۔ 5 ہزار پٹرول پمپس بنائیں گے۔ نیب کو تمام کیسز میں مکمل سپورٹ فراہم کرنے کیلئے افسرروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ معذور افراد کو ٹرینوں میں سہولیات دیں گے اور ان کو ہو سکتا ہے مفت سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ تمام ڈی ایس افسروں کو ہدایت کی ہے کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں، اب تک 3 لاکھ درخت لگا دیئے گئے ہیں۔ ریلوے کے تمام دفاتر میں حاضری کا سسٹم بائیومیٹرک کیا جا رہا ہے، کیرج فیکٹری کا ڈبل ٹائم کر دیں گے۔ سی پیک کے ٹریک کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ایران تفتان بارڈر پر ٹرین چلائی جائے گی۔ ریلوے گراﺅنڈز کو بہتر کیا جائے گا۔ ڈائریکٹ شکایات کیلئے خصوصی سیل بنایا جائے گا۔ کرپشن ختم کرنے کیلئے سٹینڈرڈ گیج لگائی جائے گی جس سے سستے انجن اور کوچز ملیں گے۔ شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے کیلئے نیا سلوگن”آرام حرام ہے“ کے نام سے جاری کردیا اور افسروں کو ہدایت کی ہے کہ میرا ٹارگٹ ریلوے کی آمدنی بڑھانا اور خسارہ کم کرنا ہے۔ میں پروٹوکول ہرگز نہیں لوں گا اور نہ ہی مجھے کسی پروٹوکول کی ضرورت ہے،ہمیں ریلوے کو خسارے سے نکالنے کیلئے کفایت شعاری اختیار کرنا ہو گی، جب تک وزارت میں ہوں نہ خود سکون سے بیٹھوں گا اور نہ ہی کسی دوسرے کے آرام کرنے دوں گا،ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں کوئی افسر آرام کرتا نظر نہ آئے، سارے فیلڈ میں جا کر اپنا کام کریں۔ ریلوے افسروں کو بھی چاہئے کہ وہ اخراجات کم کرکے سارا زور آمدن بڑھانے پر لگائیں، ہمیں ریلوے کے خول سے باہر نکل کر نجی سیکٹر کیلئے ماحول ساز گار بنانا ہو گا۔ ریلوے سٹیشز کے قریب گندگی ختم کرنے کیلئے بھی صفائی ٹاسک فورس ٹیم فوری طور پر بنائی جائے۔ بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کو اس وقت 37 ارب کا خسارہ ہے۔
شیخ رشید

ای پیپر دی نیشن