آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز فارمیشن ہیڈ کوارٹرز گلگت کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے فارمیشن افسروں اور جوانوں سے خطاب میں موسم کی سختیوں ا ور زمینی صورتِ حال کے باوجود جوانوں اور افسروں کی تیاری کو سراہا۔ اُنہوں نے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارے جوان صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہم مشرقی سرحد پر موجود خطرے سے پوری طرح واقف ہیں جس کا تعلق مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی مس ایڈونچر یا جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر ہے۔ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب د ے گی۔ آرمی چیف نے دُنیا کے بلند ترین میدان جنگ سخت موسم اور دشوار گزار علاقوں میں حالات کا مقابلہ کرنے پر افسروں اور جوانوں کے جذبے کو سراہا۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے /5 اگست کو اپنے انتخابی منشور کے وعدے پر عمل کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے صدارتی حکم کے ذریعے آئین کی دفعات 370 اور 35 اے منسوخ کر دیں اور اگلے چند دنوں میں اس حکم کو اپنی اکثریت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور کرا لیا۔ مودی نے جس عجلت سے اپنے انتخابی منشور کے ایک اہم وعدے پر عمل کیا، اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی نے خِطے کو ہندو راشٹریا اکھنڈ بھارت میں تبدیل کرنے کے لیے اینٹ رکھ دی ہے۔ مودی اور اُس کے کائیاں ساتھیوں کو علم تھا کہ اس فیصلے کے خلاف اتنا شدید ردعمل ہو سکتا ہے کہ دو ایٹمی قوتوں میں سنگین تصادم بھی ہو سکتا ہے اور اس صورت میں شاید پورا علاقہ ہی نیست و نابود ہو جائے ، مودی کے فیصلوں نے خِطے کو کشیدگی سے پاک بنانے کی پاکستان کی کوششوں اور وزیر اعظم عمران خان کی امیدوں اور مودی سے وابستہ خوش گمانیوں پر پانی پھیر دیا۔ مودی کے اس فیصلے پر پاکستان اور خود کشمیریوں کے ردِعمل نے عالمی برادری کو پہلی بار اتنا سنجیدہ دیکھا ہے کہ وہ بھی پریشان ہے کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کا ٹکرائو انسانیت کی بقا کے لیے سخت خطرہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی کوششوں نے اگر عالمی رائے عامہ کو بیدار کردیا ہے تو پاک فوج نے اتنا شدید ردعمل دیا ہے کہ بھارت کو یقین ہو چلا ہے کہ کسی مس ایڈونچر کے بعد بھارت وہ بھارت نہیں رہے گا جو اس وقت ہے ۔ گھروں میں مقید نوے لاکھ کشمیری اور 21 کروڑ پاکستانیوں کو اللہ تعالیٰ کے بعد پاک فوج پر بھرپور اعتماد ہے کہ وہ مودی کی چالوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت کی حامل ہے۔
پاک فوج بھارتی مِس ایڈونچر ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار
Aug 26, 2019