لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ پولیس افسر کا مذہب صرف ایک ہے اور وہ ہے انسانیت۔تمام مکاتبِ فکر اور مسالک کے لوگوں کا تحفظ نیز محرم الحرام کی مجالس اور عزاء داری جلوسوں کی بھرپورسکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پولیس افسران امن کمیٹی ، شیعہ علمائے دین اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایس پیز ، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز ، چوکی انچارجز اور محرران کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور اسماعیل الرحمٰن کھاڑک، ایس پی سکیورٹی محمد نوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیںڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے اہلکارمحرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جرائم پیشہ عناصر اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ ون ویلنگ اور پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف بھرپورکارروائی عمل میں لائی جائے ۔
پولیس افسر کا مذہب صرف انسانیت ہے،تمام مسالک کے لوگوںکو تحفظ فراہم کیاجائے
Aug 26, 2019