شعیب اور ثانیہ مرزا کی نئے جوڑے حسن علی‘ سامعہ کی دعوت

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹر حسن علی اور ان کی اہلیہ سامعہ خان نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد گزشتہ شب شادی کی پہلی دعوت اڑائی جہاں کرکٹر شعیب ملک اور اہلیہ ثانیہ مرزا ان کے میزبان بنے۔ فاسٹ باولر حسن علی نے چند روز قبل بھارتی خاتون سامعہ خان سے دبئی میں نکاح کیا، تقریب میں بھارتی ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا شریک تو نہ ہو سکیں تاہم مبارکباد دے کر اپنی شادی شدہ جوڑے کی خوشیوں میں ضرور شامل ہوئیں۔ بعد ازاں بڑی بھابھی کا فرض نبھاتے ہوئے انھوں نے نئے نویلے جوڑے کو گزشتہ شب دعوت پر مدعو کیا۔دعوت میں بھابھی سامعہ تو خوب سج دھج کر پہنچیں تاہم دلہا میاں حسن علی سادہ لباس پہنے نظر آئے۔ دعوت کے بعد فوٹو سیشن بھی ہوا جس میں ہنستے مسکراتے نئے جوڑے کے ساتھ ثانیہ اور شعیب نے یادگار تصاویر بنوائیں جو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئیں۔ کرکٹر حسن علی نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے شعیب ملک اور بھابھی ثانیہ مرزا کا شکریہ ادا کیا اور ان سے دوبارہ ملنے کی آرزو بھی کر ڈالی۔

ای پیپر دی نیشن