اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل مقبوضہ کشمیر میں قائم ہو چکی ہے، بھارت کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر خطے میں بھیانک کھیل کھیل رہاہے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پیر مہر علی شاہ نے اسلام کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو دربار گولڑہ شریف پر 119ویں'' یوم فتح مبین ''کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید فخر امام نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے حوالے سے جو اقدام اٹھایا ہے اس کا سوچ سمجھ کر جواب دیں گے۔یوم فتح مبین میں شریک جید علماء و مشائخ عظام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جز ہے ، 1973کے آئین کی تمام شقوں پر من و عن عملدرآمد وقت کا تقاضا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور قابض افواج کی مسلسل نہتے کشمیری مظلوم عوام پر ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی شہ رگ کی حفاظت اور ملکی دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔تقریب سے سجادہ نشین پیر سید غلام معین الحق گیلانی کے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر مہر علی شاہ نے قادیانی فتنہ غلام احمد قادیانی کو اس کی زندگی میں جھوٹا قرار دیا تھا ۔ دربار گولڑہ شریف کی دین ملت کے لئے خدمات کسی سے عیاں نہیں ہیں۔امیر جماعت اہلسنت پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ہمیں وہ کشمیر چاہیے جس پر ختم نبوت کا جھنڈا لہرائے ،دربار بابا غلام فرید کے سجادہ نیشن دیوان احمد مسعود چشتی نے کہا کہ ختم نبو ت کے خلاف کسی بھی سازش کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔دربار تونسہ شریف کے سجادہ نشین نصر محمود تونسوی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جاری مظالم فوری طور پر بند کرے ۔تقریب سے دیوان مہر معین الدین چشتی ،دربار سلطان باہو کے صاحبزادہ محمد احمد علی ،پیر قطب الدین فریدی گہڑی شریف سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔