لاہور (نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ بھارت انگلی دکھائے گا تو پاکستان ہاتھ توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مکا دکھائے گا تو جبڑا توڑ دیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی بات احساس کی بنیاد پر کرتے ہیں‘ کسی جگہ پر لکیر لگانے سے علاقہ تقسیم نہیں ہو سکتا۔ راہول گاندھی کو کشمیر میں نہیں جانے دیا گیا۔ یاسین ملک‘ میر واعظ عمر فاروق و یدگر کی بہت زیادہ قربانیاں ہیں۔ غلام نبی کو بھی کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ‘ یورپ کیا کرے گا‘ اپنی جنگیں خود لڑنی پڑتی ہیں۔ نریندر مودی کی گردن میں سریا آ چکا ہے‘ دو ایٹمی طاقتیں ایک دوسرے کے سامنے کھڑی ہیں۔ جنگ چوائس نہیں لیکن لڑنی پڑی تو لڑیں گے۔ تین جنگیں پہلے لڑ چکے ہیں‘ چوتھی لڑنے کو بھی تیار ہیں۔ آرمی چیف نے بھی کہا ہم ہر حد تک جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی مسئلہ کشمیر میں بری طرح پھنس گیا ہے‘ مودی ہندوستان میں تنہا ہوتا جائے گا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان بھارت سے سفارتی جنگ جیت چکا ہے کیونکہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہونا اس کا ثبوت ہے اور اسے دوطرفہ مسئلہ کہنے کا بھارتی مؤقف بھی مسترد ہو چکا ہے۔ فواد چودھری نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی تو وہ نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہے‘ ہم بھی تیار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق دیئے جائیں‘ کشمیر پاکستان نہیں بلکہ عالمی حقوق کا مسئلہ ہے۔ جنگ اختیار نہیں کی جاتی‘ مسلط کی گئی تو لڑیں گے۔ جنگ چھڑی تو آخر تک لے کر جائیں گے۔ آپ امن چاہتے ہیں تو ہم امن کیلئے کھڑے ہیں۔ آپ جنگ چاہتے ہیں تو جنگ کیلئے بھی تیار ہیں۔ پاک فوج تیار ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ تیار ہے۔