کراچی(سٹی نیوز)مسلم لیگ ن لیبر ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید منور رضا نے ملک کی بگڑتی سیاسی و سرحدی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نااہل عمران حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔ سید منور رضا نے کہا ہے کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے‘ملک کی مشرقی و مغربی سرحدوں پر شدید خطرات منڈلارہے ہیں نیازی حکومت کو اس کا ادراک نہیں ہے بھارت کے اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد مقبوضہ وادی میں 22 روز سے کرفیو نافذ ہے‘ لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میںتبدیل ہوچکی ہے مگر افسوس حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی کے سبب ہمارے مسلمان دوست ممالک بھی ہمارا ساتھ نہیں دے رہے ہیں آج دنیامیں ہم تنہا ہوکر رہ گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے بھارت اب اپنی من مانیوں پر اتر آیاہے افسوسناک بات یہ ہے کہ ملک کی اپوزیشن جماعتیں بھی حکومتی اقدامات سے نالاں ہیں مسئلہ کشمیر کے ایشو پر نیازی حکومت نے کسی مرحلے پر اپوزیشن کو آن بورڈ نہیں لیا حکومت صرف انتقام کی سیاست کررہی ہے پوری اپوزیشن قیادت کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔