وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پنجاب میں انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کےخلاف جنگ ہر صورت جیتنی ہے، جہاں کوتاہی نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے فیلڈ میں موجود انسدادِ پولیو ٹیموں کی موثر مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ انسداد ِپولیو مہم کیلئے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدر آمد یقینی بنایا جائے، انسداد پولیو کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسدادِ پولیو کیلئے مربوط انداز میں موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے، انہوں نے والدین سے بھی کہاکہ وہ اپنے بچوں کو انسداد ِپولیوکے قطرے لازمی پلائیں۔