سونا2100روپے تولہ سستا اوپن مارکیٹ میں ڈالر20پیسے مہنگا

Aug 26, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘این این آئی) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 27ڈالر گھٹ کر1923ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2100روپے اور 1801روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ  فی تولہ سونے کی قیمت کم ہو کر 116400روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 99794روپے ہوگئی۔ دوسری جانب مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 20پیسے کے اضافے سے 168.80روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید168.35روپے مستحکم رہی جب کہ قیمت فروخت168.60روپے سے گھٹ کر168.41روپے ہو گئی دوسری جانب مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید168.20روپے سے بڑھ کر168.40روپے ہوگئی جب کہ قیمت فروخت168.70روپے سے 168.80روپے ہو گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 197روپے اور قیمت فروخت 199روپے برقرار رہی جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 218.50روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت199روپے سے بڑھ کر220.50روپے ہوگئی۔

مزیدخبریں