فیصل آباد کیلئے 13ارب روپے کا پیکج ، عثمان بزدار نے بلدیاتی اداروں کے فنڈز بحال کردیئے

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے بلدیاتی اداروں کے منجمد فنڈز بحال کردیئے ہیں۔ فیصل آباد کیلئے 13ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقاریر اور ویڈیو پوسٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔ عثمان بزدار نے  فیصل آباد کا تفصیلی دورہ کیا اور لائل پور آرٹ اینڈکرافٹ گیلری کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے چناب کلب چوک میں لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کی تختی کی نقاب کشائی کی اور لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری کے مختلف شعبے دیکھے۔ لائل پور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری میں قیدیوں کی بنائی ہوئی دستکاریوں کی نمائش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پنجاب سیاحت کا حب بن کر ابھرے گا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں خصوصی اجلاس ہوا اور محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرپی او فیصل آباد نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ  محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ محرم الحرام کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ نے مجالس اور جلوسوں میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے کہا کہ فیصل آباد میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کے مسائل ترجیحاً حل کریں گے۔کشمیر انڈر پاس کو جلد از جلد مکمل کریں گے، 50کروڑ جاری کردیئے گئے ہیں۔ حسیب شہید ہسپتال کے لئے 50کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے جاچکے ہیں۔ چاہتا ہوں کہ فیصل آباد کا ہر چھوٹا بڑا مسئلہ حل کروں۔ پولیس میں 10ہزار نئے کانسٹیبل بھرتی کیے جارہے ہیں۔ 600نئی گاڑیاں پولیس کو جلد مل جائیں گی۔ پولیس میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا ہے۔ فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، فیصل آباد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورپی ایچ اے کے چیئرمینوں کا تقرر فوراً کیا جائیگا۔1200سے زائد سکولز اپ گریڈ کیے ہیں، مزید سکول بھی اپ گریڈ کریں گے۔ فیصل آباد شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ عثمان بزدار نے بلدیاتی اداروں کے فنڈز بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز بحال کرنے سے صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر عوامی نمائندوں کی مشاورت سے بلدیاتی اداروں کے فنڈز خرچ کریں گے۔ بلدیاتی اداروں کے نمائندے مقامی سطح پر کام کرنے کیلئے آزاد ہوں گے۔جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں کوئی بھی مجھ سے ملاقات کرسکتا ہے۔ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات سود مند رہی۔  پنجاب میں آٹے کا نرخ دوسرے صوبوں کی نسبت کم ہے۔ خود فیلڈ میں جاکر آٹے کی فراہمی اور نرخ کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں کے جلد دورے کروں گا۔ قبل ازیں عثمان بزدار نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے سمندری آئی ٹی سب کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔عثمان بزدار نے کہاکہ خواہش ہے پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم ہو۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سرکٹ ہاؤس فیصل آباد سے سول لائنز کے قریب جنرل سٹور پر اچانک پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سٹور میں اشیاء  ضروریہ کے نرخ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے آٹے کے 20کلو تھیلے کے نرخ دریافت کیے۔ چینی کی قیمت بھی چیک کی۔ وزیراعلیٰ نے دالوں اور دیگر اشیاء  خوردونوش کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا۔ دکاندار نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اچانک اپنے سٹور پر دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اشیاء حکومت کے مقررکردہ نرخ پر بیچ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کو اوور چارجنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔ عثمان بزدار  سے رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی یونس انصاری اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ اشرف انصاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل اور گوجرانوالہ کے ایشوز سے آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...