موسلادھاربارش  سے نظام زندگی مفلوج: منور رضا

کراچی(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ(ن) لیبرونگ سندھ کے صدر سید منور رضا نے کہا  ہے کہ موسلادھار بارش نے شہر میں نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا،سندھ حکومت اور انتظامیہ کے غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، بجلی بھی گھنٹوں غائب رہی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز کراچی میں موسلادھار بارش سے شہر کی سڑکیں زیر آب آگئیں اور کئی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔ کے الیکٹرک کے بیشتر فیڈر بند ہونے کی وجہ سے شہر میں گھنٹوں بجلی کی فراہمیمعطل رہی۔پیر کی شب سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ منگل کی شام پورے شہر میں جاری رہا۔ بارش کے باعث کاروباری مراکز بھی بند ہوگئے۔ دفاترکوجانے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کی مرکزی شاہراہیں بھی پانی میں ڈوبی نظر آئیں۔ متعدد علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔ شاہراہ فیصل ، آئی آئی چندریگر روڈ اور گورنرہائوس کے اطراف کی سڑکیں ندی اور نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔   گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔تیز بارش سے سخی حسن سے ناگن چورنگی تک روڈ زیرآب آگئی اور صفورا چورنگی سے حسن اسکوائر آنے اور جانے والے روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ سڑکوں اور گلیوں میں کھلے گٹر اور دیگر گڑھوں کے باعث جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو دشواری ہوئی وہیں پیدل چلنے والے بھی خطرات و مشکلات کا شکار رہے۔

ای پیپر دی نیشن