بارشوں نے تباہی مچادی‘ متاثرین بے یارومددگار: رانا احسان

کراچی( نیوز رپورٹر) مسلم(ن) سندھ کے سینئر رہنما رانا محمد احسان نے پچھلے دو دن کی بارشوں سے ہونے والی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں نے شہر قائد میں تباہی مچادی ہے۔ متاثرین بے یارومددگار ہیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ناپید ہیں۔ نشیبی علاقوں میں حالات انتہائی ابتر ہیں لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ رانا محمد احسان نے کہا کہ سرجانی ٹائون‘ ایوب گوٹھ‘ یوسف گوٹھ سمیت دیگر علاقوں  میں سیلاب کی سی صورتحال ہے۔ افواج پاکستان اور رینجرز کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں حکومتی سطح پر کہیں امدادی سرگرمی نظر نہیں آتی  جو المیہ ہے۔ رانا احسان نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے شہری اداروں اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی قلعی بھی کھول کر رکھ دی ہے کروڑوں روپے کا بجٹ رکھنے والے ادارے عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ای پیپر دی نیشن