اسلام آباد (سپیشل رپورٹ‘این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صنعتی بائیو ٹیکنالوجی ہماری برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چودھری ملک کی معاشی ترقی میں بائیوٹیکنالوجی ہربل میڈیسن پارک کی اہمیت اور کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔صدر مملکت نے کہا کہ صنعتی بائیوٹیکنالوجی ہماری برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیوٹیکنالوجی ہربل میڈیسن پارک پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتِ سائنس اور ٹیکنالوجی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (آر اینڈ ڈی) منصوبوں کو ملک کی معاشی و معاشرتی ضرورتوں کے مطابق استوار کرے۔دریں اثناء انڈونیشیا کے سفیر سے الدواعی ملاقات کی اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مسلمانوں کو معاشرتی طور پر تنہا کر رہا ہے، صدر نے کہا کہ مسلمانوں کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، صدر گذشتہ روز ایوان صدر میں انڈونیشیا کے سبک دوش ہونیوالے سفیر سے بات چیت کر رہے تھے۔صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، صدر نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا دو اہم اسلامی ملک ہیں، ان کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دی جانی چاہیے۔ صدر نے سبک دوش ہونیوالے سفیر کی پاک انڈونیشیا تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کی تعریف کی۔
صنعتی بائیو ٹیکنالوجی برآمدات بڑھانے‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنیکی صلاحیت رکھتی ہے‘صدر
Aug 26, 2020