این ایچ اے رواں سال 25نئے منصوبوں پر کام کا آغازکریگی

 اسلام آباد (صلاح الدین/ نمائندہ نوائے وقت)وزارت مواصلات کے تحت این ایچ اے (نیشنل ہائی وے اتھارٹی) رواں مالی سال 25 نئے منصوبوں پر کام کا آغاز کرے گی جس کیلئے سال2020-21ء کے بجٹ  میں (پی ایس ڈی پی)کے تحت مجموعی طور پر 29720 ملین روپے رکھے ہیںجس میں 3350 ملین روپے غیر ملکی امداد شامل ہو گی جبکہ 26370 ملین روپے مقامی فنڈنگ سے فراہم کئے جائیںگے۔ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق 25 نئی سکیموں میں سے چترال۔ ایون۔بمبوریت 48 کلومیٹر روڈ کی بہتری کے ڈیپازٹ ورک کی تعمیر کے لئے 500 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے لئے لاگت کا تخمینہ4600 ملین روپے لگایا گیا ہے اورایکنک نے اس منصوبے کی منظوری 21 جنوری 2010 کو دی تھی۔ این 55 کاریک راہداری کے حصہ شکارپور۔ راجن پور حصہ پر دو اضافی کیرج وے تعمیر کرنے کے منصوبے کے لئے500 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس پر لاگت کا تخمینہ 47593.190 ملین روپے لگایا گیا ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے علاقے اٹھ مقام۔شاردہ کل۔ تائو بٹ  109.2 کلومیٹر بشمول کہوڑی/کمسیر3.7 کلومیٹر اور نیلم جہلم کے حصہ چھل پانی(0.6) کلومیٹر کی دو ٹنل کے ڈیپازٹ ورک کی تعمیر کے لئے پی ایس ڈی پی میں 150.000 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 17584.993 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ دریائے سندھ پر غازی گھاٹ کے مقام پر این۔70 پر پل کی تعمیر کے منصوبے کے لئے 1000 ملین روپے رواں مالی سال میں رکھے گئے ہیں جس کے لئے لاگت کا تخمینہ 1878.278 ملین روپے لگایا گیا ہے رواں سال فروری میں اس منصوبے کی منظوری سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے دی تھی۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ چترال گرم چشمہ 82.5 کلومیٹر روڈ کی تعمیر کے لئے رواں سال 300 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس کے لئے تخمینہ لاگت 8314.355 ملین روپے لگایا گیا ہے، ایکنک نے اس منصوبے کی منظوری 29 اگست 2017 کو دی تھی۔ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کی تعمیر کے لئے 1000 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس پر تخمینہ لاگت 2105,954 روپے لگایا گیا ہے۔سکھر۔ ملتان موٹر وے کی رابطہ سڑک سوئی۔ کشمور پر دو طرفہ کیرج روڈ کی تعمیر کے لئے 50 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس پر تخمینہ لاگت 100 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ ایم۔8 کے ہوشاب ۔ آواران 146 کلومیٹر حصہ کی تعمیر کے لئے حکومت نے 4 ہزار ملین روپے مختص کئے ہیں یہ اہم ترین منصوبہ ہے جس پر جلد کام کا آغاز ہو جائے گا،  اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 25835.893 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ مالا کنڈ ٹنل پہلے مرحلہ کے لئے 1000 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس پر لاگت کا تخمینہ 16554ملین روپے لگایا گیا ہے اس منصوبے کے لئے غیر ملکی امداد کا حصہ 14110 ملین روپے ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے راجن پور۔ڈیرہ غازی خان 4 لین ہائی وے کی تعمیر کے لئے500 ملین روپے رکھے گئے ہیں رواں سال ایشیائی ترقیاتی بنک اس منصوبے کے لئے 250 ملین روپے فراہم کرے گا۔  

ای پیپر دی نیشن