لاہور(کامرس رپورٹر‘ صباح نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو برطانیہ سے پاکستان لانا کافی مشکل کام ہے لیکن عدالت کرسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بھی برطانیہ جاتے ہیں، انہیں واپس لانے میں مشکلات آتی ہیں کیونکہ برطانیہ اور پاکستان میں کسی کو اپنے ملک لانے کا کوئی معاہدہ نہیں، اگر عدلیہ کہے گی تو میں سمجھتا ہوں برطانیہ کی حکومت ان کو واپس بھیج دے گی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا میں دو نئے ہالز کا افتتاح کیا اور لاہور چیمبر میں شروع کئے گئے ون ونڈو سنٹر کا دورہ کیا اور کہا کہ لاہور چیمبر پاکستان کے تمام چیمبرز کے لئے مشعل راہ ہے۔ دوراندیش قیادت ہمیشہ اداروں کو مظبوط بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دو سالوں میں وہ سب حاصل کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ20 بلین سے کم ہو کر 3 بلین رہ گیا ہے اور یہ سب بزنس کمیونٹی کے تعاون ہی سے ممکن ہوا ہے۔ ہماری بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ ہر بْرے وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور اس ملک کو مشکل سے مشکل وقت سے نکالنے میں حکومت کی مدد کی ہے۔چوہدری سرور نے کہا کے کاروباری برادری کے تمام مسائل حل طلب ہیں اور ان مسائل کو حل کر کے ملک بہت تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور انڈسٹری میں رابطہ کا ہونا بہت اہم ہے۔ اس سے نہ صرف تعلیمی ادارے اپنی ریسرچ کا دائرہ وسیع کر سکیں گے بلکہ ریسرچ کی سمت بھی ا نڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ہوں گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہاکہ پاکستان کو 2013 میں یورپی یونین کی جانب سے GSP+ کا سٹیٹس ایوارڈ ہوا جس میں گورنر پنجاب نے اہم کردار ادا کیاتھا۔پاکستان کو یہ سٹیٹس دوبارہ مل گیا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ پہلے کی نسبت اس مرتبہ ہماری برآمدات میں زیادہ اضافہ ہوگا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ لاہور میں اہم مارکیٹوں کے آس پاس پارکنگ کے نئے پلازے بنانا حکومت پنجاب کے ایجنڈے میں رہا ہے لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔پارکنگ پلازوں کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پریقینی بنائیں تاکہ شہر میں پارکنگ کامسئلہ حل ہو سکے۔لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ لاہور شہر کے بازاروں میں تجاوزات ایک سنگین مسئلہ ہے۔حکومت کی جانب سے اچھی کاوشوں کے باوجود یہ مسئلہ اب بھی قائم ہے۔ان تجاوزات کوفوری طور پرختم کرنے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں گورنر ہائوس میں صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک اور دیگر شخصیات سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سخت فیصلوں کے بعد معیشت کو سنبھالا، دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہو رہا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عوام اپوزیشن نہیں حکومتی بیانیہ کیساتھ کھڑے ہیں، نیب کوختم نہیں کیاجاسکتا اگراپوزیشن نیب اصلاحات چاہتی ہے تو پار لیمنٹ میں لیکر آئے ۔وزیر اعظم عمران خا ن اصولوں پر ڈٹ چکے ہیں وہ کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔احتساب اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ کر نے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔