اسلام آباد (26 اگست 2020): پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ مختلف فیلڈ ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈرز نے کانفرنس میں ویڈیو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران خطے کی جیو اسٹریٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری، جوانوں کے تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں، جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کی بگڑی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر فورم کے شرکاءنے کشمیریوں کی جائزجدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
امیر البحر نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری اور میری ٹائم سیکٹر میں بحریہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے بحری سیکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی پر تشدد کاروائی کا منہ توڑ جواب دینے پر زور دیا۔ نیول چیف نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انھوں نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی آبادی کی امداد کے لیے جاری ریلیف آپریشن پر فیلڈ کمانڈرز کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
کمانڈاینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلٰی فیصلہ ساز فورم ہے جس میں امیر البحر کی سربراہی میں چیفس آف اسٹافس، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔