کابل (نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ ہفتے طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد کچھ دلچسپ اور کچھ دل دہلا دینے والی ویڈیوز منظر عام آئیں۔ لیکن اب طالبان کی جانب سے ایک ویڈیو سامنے لائی گئی ہے جس میں بگرام جیل کے اندرونی مناظر دکھائے گئے ہیں۔ افغان اردو کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں طالبان کے ایک رکن کو بگرام جیل خانے کے اندرونی کمروں کو دکھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ 2 منٹ 20سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں بگرام جیل خانے میں قائم بالترتیب تہہ خانوں، وہیل چیئرز، کرسیوں، روشن دانوں اور دروازوں میں موجود چھوٹی کھڑکیوں کے مناظر شیئر کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ کابل پر قبضے کے بعد بگرام ائیربیس میں واقع بگرام فوجی جیل خانے کا کنٹرول بھی اب طالبان کے ہاتھ میں ہے۔ طالبان نے جیل خانے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہاں سے قیدیوں کو بھی رہا کردیا۔ امریکہ کی جانب سے اپنی فوج افغانستان سے واپس بلانے کے فیصلے کے بعد اس جیل خانے کا کنٹرول اس سال یکم جولائی کو افغان مسلح افواج کے حوالے کیا گیا تھا۔