اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نامور شخصیات نے روزنامہ نوائے وقت اور دی نیشن کی گوادر سے اشاعت کے فیصلے کو قومی اہمیت کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ یہ بروقت اور اہم فیصلہ ہے۔ گوادر کی اہمیت دوچند ہے۔ دو قومی نظریے سمیت نوائے وقت کا کردار ہمیشہ یادگار رہا ہے۔ گوادر سے نوائے وقت کی اشاعت ملکی صحافت میں نیا سنگ میل ہوگا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ گوادر میں پورٹ بن چکی ہے۔ ائرپورٹ مکمل ہوگا۔ یہ ایک عالمی شہر بننے جا رہا جس سے سی پیک کے ذریعے خطے کی معاشی ترقی کے مواقع سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر گوادر سے نوائے وقت کی اشاعت کا فیصلہ بہترین فیصلہ ہے۔ اس سے گوادر میں ترقی کے عمل کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گا۔ وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ نوائے وقت نظریاتی قومی روزنامہ ہے جس نے ملکی ترقی میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ نوائے وقت کی گوادر سے اشاعت کے فیصلے سے وہاں تعمیر و ترقی اجاگر ہوگی اور نئے عالمی شہر کے سیاسی، معاشی، سماجی اور معاشرتی پہلو اجاگر ہوں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا کہ نوائے وقت قومی اخبار ہے۔ اس کی قیادت نے ملکی مفاد میں بروقت اور بہترین فیصلہ کیا ہے۔ گوادر معاشی حب ہوگا جس میں نوائے وقت اپنا وہی تاریخی کردار ادا کر ے گا جو اس نے قیام پاکستان کے بعد سے اب تک انجام دیا ہے۔ یہ قومی مفاد میں بہترین فیصلہ ہے۔