کوئٹہ (بیورو رپورٹ) لورالائی کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق بدھ کو سی ٹی ڈی کے عملے نے لورالائی کے علاقے کوہار ڈیم میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی کے دوران صدام ، غنی، امیرجان ، اور احد سمیت 7دہشت گرد ہلاک جبکہ 3ملزم فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ سی ٹی ڈی کے عملے نے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 سب مشین گنز، 4 پستول کے علاوہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور افغانی اور پاکستانی کرنسی بھی برآمد کرلی۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل ایف سے ہے۔ ہلاک دہشت گرد افغانستان سے روانہ ہوئے تھے اور لورالائی کے کوہار ڈیم کے علاقے سے اہم تنصیبات پر حملہ کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ بروقت کارروائی سے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا گیا۔
لورالائی: سی ٹی ڈی سے فائرنگ کے تبادلہ میں 7 دہشت گرد ہلاک
Aug 26, 2021