لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دین اسلام میں حصول تعلیم کی بار بار تلقین کی گئی ہے اور علم کو مومن کی گمشدہ میراث قرار دیا گیا ہے۔ فروغ تعلیم پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ بھی ہے اور ترجیحات میں بھی سرفہرست ہے۔ ڈویلپمنٹ بجٹ میں 66فیصد اضافہ کیا گیا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وزیر تعلیم مراد راس کی سربراہی میں تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔ پہلی مرتبہ مربوط اور جامع ’’پنجاب سکول ایجوکیشن پالیسی‘‘ 2020ء متعارف کرائی گئی ہے۔ وہ گورنر ہاؤس میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام ’’پنجاب ایجوکیشن کنونشن‘‘ سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے محکمہ تعلیم میں ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی۔ اساتذہ موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ بلا سفارش اور میرٹ کی بنیاد پر86 ہزار سے زائد اساتذہ ای ٹرانسفر پالیسی سے مستفید ہوچکے ہیں۔ اساتذہ کو ای۔ریٹائرمنٹ، ای۔پروموشن، ای۔ پنشن، ای۔لیو کی سہولتیں بھی میسر ہیں۔ اب اساتذہ کو ٹرانسفر کیلئے کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے31 ہزار سے زائد ایس ٹی آئی مختلف مراحل میں بھرتی کئے جارہے ہیں۔ مختلف کیٹگریز میں 33ہزار سے زائد مرد و خواتین ایجوکیٹرزکی بھرتی کا عمل جلد شروع ہوگا۔رواں مالی سال میں مزید 7ہزار سکول اپ گریڈ کئے جائیں گے اور مجموعی طورپر 27ہزار سکول اپ گریڈ کئے جائیں گے جن میں جنوبی پنجاب کے 40فیصد سکول شامل ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے ایک اور احسن اقدام کرتے ہوئے سروسز ہسپتال او رجناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے۔ ایمرجنسی ٹاور عالمی معیارکے مطابق ہونے چاہئیں اور یہ دونوں منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کئے جائیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے منتخب نمائندوں او ر عوام کے لئے کھلے ہیں۔ وسائل پر حق صرف چند بڑے شہروں کا نہیں بلکہ دور دراز اضلاع کا بھی ہے او رہم یہ حق واپس کررہے ہیں۔ 3 برس میں کسی بھی ضلع سے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے حق تلفی نہیں ہونے دی۔ نمائشی منصوبوں اور کھوکھلے نعروں کا دور گزرچکا اور زبانی جمع خرچ کرنے والے حکمران تاریخ کاحصہ بن چکے ہیں۔ انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں۔ انتقام کی سیاست کی ہے اور نہ ہی اس پر یقین ہے۔ ہمیشہ میرٹ، قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق کام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء اسد کھوکھر، محمد آصف نکئی،شوکت لالیکا، اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رائے مرتضیٰ اقبال، ایم پی اے مامون تارڑ اور سابق ڈسٹرکٹ ناظم ساہیوال رائے حسن نواز شامل تھے۔
پہلی مرتبہ جامع سکول ایجوکیشن پالیسی لائے، انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں: عثمان بزدار
Aug 26, 2021