اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور ملک کی اندرونی اور بیرونی سطح پر سکیورٹی کے لئے پاک آرمی کی قربانیوں کو سراہا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بیان میں کہا گیا کہ صدر ملکت اور چیف آف آرمی سٹاف نے علاقائی صورت حال اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ صدر مملکت کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا اور کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ کی جانب سے سائبر سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ صدر مملکت نے پاک فوج کی پاکستان کی بیرونی اور اندرونی سکیورٹی کے لئے کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کے طریقہ کار کی بھی تعریف کی۔ بعدازاں صدر مملکت اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں خطے اور ملکی سکیورٹی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ صدر مملکت کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ سائبر سکیورٹی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں‘ ملکی سلامتی کیلئے اس کی قربانیوں اور عزم کو سراہا۔