اسلام آباد + مکہ مکرمہ (نامہ نگار+ ممتاز احمد بڈانی+ آئی این پی) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 141 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 25 ہزار 220 ہوگئی، پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 35 ہزار 858 ہوگئی۔199 نئے کیسز، اب تک10لاکھ19434 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5586 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار 220 ہوگئی۔پاکستان میں 11.10فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی، ملک میں ایک کروڑ 39 لاکھ 70ہزار584 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 11.10 فیصد ملکی آبادی کی ویکسی نیشن مکمل کرلی ہے، 4کروڑ 78 لاکھ 2 ہزار 106 ڈوز لگائی اور ایک کروڑ 39 لاکھ 70 ہزا ر 584 افراد کی مکمل ویکسی نیشن جبکہ 3 کروڑ 79 لاکھ 23ہزار 650افراد کی جزوی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔ پنجاب میں 2 کروڑ 38 لاکھ سے زائد ، سندھ میں 86لاکھ 33 ہزار سے زائد ، کے پی میں 57 لاکھ 84 ہزار سے زائد جبکہ بلوچستان میں 66لاکھ 13ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 11 لاکھ کے لگ بھگ افراد کی ویکسی نیشن ، آزادکشمیر میں 13لاکھ 87ہزار سے زائد افراد اور گلگت بلتستان میں 5 لاکھ 3 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن مکمل ہوگئی ہے۔ ملک بھر کی طرح گوجرہ میں بھی کرونا کے وار جاری۔ سابق سینیٹر ایم حمزہ سمیت فیملی کے پانچ ممبران کرونا میں مبتلا ہوگئے۔ ایم حمزہ ،انکے بیٹے اسامہ حمزہ جبکہ اسامہ حمزہ کی دو بیٹیوں اور ایم حمزہ کی ایک بیٹی جو لاہور سے گوجرہ اپنے والد کو ملنے کیلئے آئی ہوئی تھی کے کرونا ٹیسٹ مثبت آ گئے۔ محکمہ صحت کے مطابق ایم حمزہ کے فیملی ممبران کو انکے گھر میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے کہا ہے کہ مقیم تارکین جنہوں نے منظور شدہ ویکسین کی دو خوراکیں لگوائی ہیں سعودی عرب آ سکتے ہیں۔ سفیر پاکستان بلال اکبر نے کہا ہے ’مملکت میں مقیم وہ پاکستانی جو کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لے کر گئے ہیں انہیں واپسی کی اجازت ہوگی۔ سعودی وزارت داخلہ نے بھی بیان میں کہا کہ ’کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے مقیم غیرملکی ممنوعہ ممالک سے سعودی عرب واپس آ سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’اب اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ ممنوعہ ممالک سے ایسے مقیم غیرملکی سعودی عرب واپس آ سکتے ہیں جو مملکت سے روانگی سے قبل یہاں کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہوں۔ یہ لوگ براہ راست سعودی عرب واپس آ سکتے ہیں البتہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مقرر کردہ تمام حفاظتی تدابیر کی پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ’ سفارتخانہ پاکستان سعودی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے جس کے تحت اقامہ ہولڈرز اور ان لوگوں کے لیے جو مملکت سے روانگی سے قبل یہاں کرونا ویکیسن کی دو خوراکیں لگوا چکے ہیں پاکستان سے براہ راست پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ھوئے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری طرف سعودی عرب نے وائرس کے خلاف چینی ویکسین سائنو فارم اور سائنو ویک کی بھی منظوری دے دی۔ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا کی منظور شدہ ویکسینز کی تعداد 6 ہو گئی ہے جن میں ایسٹرا زینیکا‘ فائزر‘ جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا بھی شامل ہیں۔ سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے کرونا ویکسی نیشن کا سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین کا کورس مکمل ہو گیا ہے انہیں ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ انہیں اپنے ملک کی منظور شدہ بوسٹر ڈوز بھی لگوانا ہو گی۔کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا میں خود کو 10 روز کیلئے قرنطینہ کر لیا۔
کرونا:141 اموات، سعودی عرب نے سائنوفارم اور سائنو ویک کی منظوری دیدی
Aug 26, 2021