کنگسٹن ٹیسٹ ، پاکستان نے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا

Aug 26, 2021

کنگسٹن(آئی این پی)ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز  اپنے نام کرلیا جبکہ  ساتھ ساتھ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی کسی 2میچز کی سیریز میں پاکستان کے کامیاب ترین فاسٹ بولر بن گئے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ دسواں موقع ہی تھا جب کوئی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 2یا اس سے کم رنز پر 3کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی ہو ،ان 10 واقعات میں سے ٹیموں کو صرف 2 مرتبہ کامیابیاں ملی ہیں اور دونوں مرتبہ کامیابیوں کا تاج پاکستان کے سر سجا ہے ۔پاکستان نے اس سے قبل کراچی ٹیسٹ میں بھارت کیخلاف صفر پر3 کھلاڑیوں سے محروم ہوجانے کے باوجود بھی کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے علاوہ  2008میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں 4رنز پر 3وکٹیں گنواکر کامیابی حاصل کی تھی۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ  کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے10 وکٹیں حاصل کیں  جبکہ  2 میچز کی اس سیریز میں شاہین شاہ نے مجموعی طور پر 18شکار کیے جو کسی بھی 2 میچز کی سیریز میں ایک پاکستانی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔اس سے قبل 2018 میں محمد عباس نے آسٹریلیا کیخلاف اور 2006میں محمد آصف نے سری لنکا کیخلاف 17،17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس کے علاوہ  بھارت کے عرفان پٹھان نے 2005 میں زمبابوے کیخلاف 2میچز میں سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔پاکستان کے جادوئی اسپنر ثقلین مشتاق نے 1999 میں بھارت کیخلاف2 ٹیسٹ میچز میں 20وکٹیں حاصل کی تھیں جو کسی بھی2 میچز کی سیریز میں ایک پاکستانی بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ مشتاق احمد نے 2 ، 2 مرتبہ 18،18 وکٹیں2  میچز میں حاصل کیں  یوں شاہین شاہ آفریدی فاسٹ بولرزمیں سب سے زیادہ جبکہ مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

مزیدخبریں