لاہور(لیڈی رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک میں برسر اقتدار آنے والی ہر جماعت احتساب،انصاف اور کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگاتی رہی ہے جبکہ جماعت اسلامی نے روز اول ہی سے ''سب کا بے لاگ احتساب'' اور عوام کی دہلیز پر بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے عملی جدوجہد کی ہے،کرپشن کے خاتمے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے میں جماعت اسلامی نے ہر دور میں اپنا کردار ادا کیا ہے ، مخالفین بھی اس ضمن میں ہماری جدوجہد کے معترف ہیں ۔ جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی،امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل،ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید،ڈاکٹر حمیرا طارق،ربعیہ طارق صدر وسطی پنجاب، صدر لاہورڈاکٹر زبیدہ جبیں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایک فکری اور انقلابی جماعت ہی نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک بھی ہے جو قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے مصروف عمل ہے۔جماعت اسلامی گذشتہ 80 سال سے پرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے افراد کی انفرادی اصلاح اور معاشرے کی اجتماعی تشکیل و تعمیر کا کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اصل مقصد ملک میں شریعت کا نفاذ ہے جس کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے انتہا قربانیاں دیں اور نظریہ پاکستان کی تکمیل تبھی ممکن ہے جب پاکستان میں مدینہ کی طرز پر اسلامی حکومت قائم نہیں ہو جاتی۔
کرپشن کے خاتمے اورانصاف فراہمی کیلئے عملی جہدوجہد کی :جماعت اسلامی حلقہ خواتین
Aug 26, 2021