گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی کے امیر علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی نے کہا کہ وطن عزیز بدترین قسم کے بحرانوں اور گھمبیر مسائل کا شکار جبکہ حکمران چین کی بنسری بجا رہے ہیں، معاشرہ میں عدم برداشت کا کلچر بڑھتا جا رہا ہے، مینار پاکستان پر جو کچھ ہوا وہ بحیثیت قوم ہمارے لئے شرمناک ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہاکہ ایک طرف مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ،لوگ خود کشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں، سفید پوش طبقہ اپنی عزت بچانے کے چکر میں پڑا ہوا ہے، دوسری طرف فرقہ واریت کا ناسور بھی معاشرے میں عدم برداشت کا باعث بن رہا ہے، بد قسمتی سے بعض حکومتی ارکان کی سرپرستی میں مقدس شخصیات پر زبان درازی کی جا رہی ہے اور کوئی ایسے عناصر کا راستہ نہیں روک پا رہا۔انہوں نے اعلان کیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے پلیٹ فارم سے ، دینی مدارس کے سینئرطلبہ اور نوجوان علماء کیلئے تربیتی نشستوں کا آغاز کر رہے ہیں، جن کے ذریعے نوجوان علماء کو اسلوب خطابت اور طریق دعوت سے آگہی دی جائے گی ۔ اجلاس میں ناظم شہر مولانا محمد ابرار ظہیر، صاحبزادہ حافظ عمران عریف، مولانا عبد الشکور شیخوپوری، مولانا قاری غلام مصطفی،مولاناڈاکٹر فضل الرحمان و دیگر نے شرکت کی۔